ہومپاکستانسی ڈی اے کے زیر اہتمام سیکٹر E-12 اور I-12 میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری

سی ڈی اے کے زیر اہتمام سیکٹر E-12 اور I-12 میں ترقیاتی کام زور و شور سے جاری

وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے )کی انتظامیہ شہر کی تعمیر وترقی بالخصوص سیکٹر ڈویلپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں چند روز قبل چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے سیکٹر I-12 میں ترقیاتی کاموں کے اجرا کا افتتاح کیا تھا۔

جس کے بعد متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں۔تفصیلات کے مطابق سیکٹر I-12/2 اور I-12/3 کے ترقیاتی کاموں میں گلی نمبر تین، نو اور دس میں 30 فیصد سے ارتھ ورک مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ گلیوں کا جوائنٹ سروے مکمل ہوتے ہی ارتھ ورک کا کام شروع کردیا جائے گا۔ اسی طرح کلورٹس کا کام بھی ارتھ ورک کے ساتھ ہی شروع کردیا جائے گا۔مزیدبرآں سیکٹر E-12/2 میں گزشتہ دنوں واگزار کرائی گئی 350 کنال سے زائد سرکاری اراضی پر بھی متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے 40 فیصد ارتھ ورک مکمل کرلیا گیا ہے جبکہ واٹر سپلائی بشمول سیورج نیٹ ورک اور دیگر سہولیات کی زیر زمین فراہمی کے لئے بھی کھدائی کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ باقی ماندہ اراضی پر ارتھ ورک بھی جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا۔ واضح رہے تعطل کے شکار سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کے اجرا اور تکمیل کے لئے موجودہ کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ شہر میں رہائشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ سیکٹر I-12 اور E-12 میں ترقیاتی کاموں کا اجرا بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکٹر I-12 اور E-12 کے ترقیاتی کاموں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ اس سیکٹر کے الاٹیز اپنے پلاٹس پر گھر تعمیر کرسکیں۔واضح رہے عرصہ دراز اسلام آباد کے ایسے سیکٹر جہاں ترقیاتی کام التوا کا شکار تھے۔ مگر موجودہ سی ڈی اے انتظامیہ کی خصوصی دلچسپی کے باعث ان تمام سیکٹروں میں ترقیاتی کاموں کا اجرا کیا جارہا ہے۔اس موقع پر کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے سیکٹرز کی آباد کاریوں سے شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہوگا اور اسکے ساتھ ساتھ شہریوں کو اعلی معیار زندگی اور معیاری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی میں بھی مزید آسانیاں پیدا ہونگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔