ہومپاکستانخیبرپختونخوا میں "شہبازسپیڈ"سے سستے آٹے کی فراہمی شروع

خیبرپختونخوا میں “شہبازسپیڈ”سے سستے آٹے کی فراہمی شروع

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیراعظم شہباز شریف کے خیبر پختونخوا کے عوام سے سستے آٹے کی فراہمی کا وعدہ پورا ہونے کی تفصیلات جاری کر دیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے کہا خیبر پختونخوا میں”شہبازسپیڈ”سے سستے آٹے کی عوام کو فراہمی شروع کر دی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حکم پر خیبرپختونخوا میں 40 روپے فی کلو آٹے کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے.

خیبر پختونخوا کے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے وعدے کی تکمیل کے لئے 100 موبائل سٹورز نے کام شروع کر دیا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے صوبہ خیبر پختونخوا کو ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں تقسیم کیا گیا ہے، سستے آٹے کی فراہمی کا منظم سلسلہ بتدریج پورے خیبر پختونخوا میں پھیلایا جائے گا، ایبٹ آباد اور پشاور زون میں 50 ہزار سے زیادہ آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ایبٹ آباد اور پشاور زونز میں الگ الگ موبائل سٹورز کے ذریعے سستا آٹا فراہم کیا جا رہا ہے.

ایبٹ آباد میں دو روز کے دوران 22 ہزار 70 سستے آٹے کے تھیلے فروخت کئے گئے ہیں، پشاور زون میں دو روز میں 23 ہزار 400 سے زائد سستے آٹے کے تھیلے عوام کو فروخت کئے۔ صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 40 روپے کلو آٹے کی فراہمی کے لئے 13 جون تک موبائل سٹورز کی تعداد بڑھا کر 200 کر دی جائے گی۔وزیراطلاعات نے کہا کہ 9 جون تک صوبہ خیبر پختونخوا میں آٹے کی فروخت کے عارضی سیل پوائنٹس بھی کام شروع کر دیں گے، 17 جون تک خیبر پختونخوا میں ان عارضی سیل پوائنٹس کی تعداد بڑھا کر 500 کر دی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔