ہومپاکستانہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ انتہائی متعصبانہ سلوک کیا جارہا ہے،اسلامی نظریاتی کونسل

ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ انتہائی متعصبانہ سلوک کیا جارہا ہے،اسلامی نظریاتی کونسل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، حافط طاہر محمود اشرفی رکن اسلامی نظریاتی کونسل اور صاحبزادہ حسان حسیب الرحمان رکن اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما اور نوین کمار جندال کی طرف سے پیغمبر اسلام ﷺ اور ام المؤمنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی شان میں گستاخی سے دنیا بھرکے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ بھارتی حکمران جماعت کی ترجمان کی طرف سے اس قسم کی مذموم حرکت کا واضح مطلب ہے کہ بھارتی حکومت ہندوستان میں اسلاموفوبیا کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کی قیادت میں مسلمانوں کے خلاف مسلسل جنگی جرائم کے بعد اب مذہب پر حملوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے توہین رسالت کی مرتکب رہنما کی پارٹی رکنیت معطل کرنا کافی نہیں جب تک قانونی کارروائی کرکے قرار واقعی سزا نہیں دی جاتی یہی سمجھا جائے گا کہ یہ مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا بھارتی حکومت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ انتہائی متعصبانہ سلوک کیا جارہا ہے ۔ موجوہ حکومت ہندو توا کی پالیسی پر گامزن ہے۔ قدیمی مساجد کو مندروں میں تبدیل کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ یہ تمام اقدامات بھارت میں مسلمانوں کے خلاف ایک منظم مہم کا حصہ ہیں۔ دنیا کی تمام انسانی حقوق کی تنظیموں کا فرض بنتا ہے کہ وہ ان معاملات کا نوٹس لیں اور بھارتی حکومت کو مسلم کش اقدامات سے باز رکھنے اور اس پر مذہبی آزادی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر پابندیاں لگوانے کے لیے کردار ادا کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔