لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ماہ رمضان میں عوام کو بھرپور ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات تجویز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وزیراعلی پنجاب نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ حکومت گزشتہ برسوں کی طرح اس بار بھی اربوں روپے کا رمضان پیکیج دے گی جس کے ذریعے عام آدمی کو ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں رمضان بازار لگائے جائیں گے، آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی، زرعی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں ارزاں نرخوں پر صارفین کو دستیاب ہوں گی۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مستقل بنیادوں پر ریلیف دینے کے لئے سہولت بازاروں کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا، رمضان بازاروں اور سہولت بازاروں کے ذریعے اپنے عوام کو مصنوعی مہنگائی سے مستقل نجات دلائیں گے۔وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ رمضان بازاروں کو ماہ شعبان کے آخری ہفتے سے فنکشنل کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے، میں خود رمضان بازاروں کے دورے کروں گا جبکہ صوبائی وزرا اور سیکرٹریز بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے مشن میں رمضان بازاروں کے دورے کریں گے۔
