ہومپاکستانکسی مسلح گروہ کو اسلحے کے زور پر سڑکیں بند کرنے کا حق حاصل نہیں، آزاد کشمیر اسمبلی میں قرارداد متفقہ منظور

کسی مسلح گروہ کو اسلحے کے زور پر سڑکیں بند کرنے کا حق حاصل نہیں، آزاد کشمیر اسمبلی میں قرارداد متفقہ منظور

اسلام آباد (سب نیوز)آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے تحریک آزادی کشمیر میں پونچھ کے عوام کی تاریخی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امن عامہ اور شہری حقوق سے متعلق اہم قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔
قرارداد میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اور رینجرز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، جبکہ شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا گیا۔قرارداد کے مطابق نومنتخب اسمبلی نے موجودہ انتظامی ڈھانچے کو برقرار رکھنے اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کا عزم ظاہر کیا ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پرامن احتجاج، سیاسی سرگرمیاں اور اختلاف رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، تاہم کالعدم ایکشن کمیٹی سے وابستہ مسلح گروہوں کی پرتشدد کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔اسمبلی نے راولاکوٹ سمیت متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی بندش کے باعث علاج معالجے، تعلیم اور اشیائے خورونوش کی فراہمی میں تعطل پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔قرارداد میں بتایا گیا ہے کہ 6 جون سے مختلف واقعات میں 34 اہلکار شہید اور 248 زخمی ہوچکے ہیں۔
اسمبلی کے مطابق حکومت نے جائز شکایات کے ازالے کے لیے عوام کے متعدد مطالبات تسلیم کرکے ان پر عملدرآمد بھی کیا۔ سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی گئی اور انتخابات میں شرکت کی پیشکش بھی کی گئی، تاہم کالعدم ایکشن کمیٹی کی قیادت نے یہ پیشکش مسترد کردی۔قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ آئینی معاملات پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی پیشکش بھی مسترد کردی گئی۔اسمبلی نے واضح کیا کہ کسی بھی مسلح گروہ کو اسلحے کے زور پر سڑکیں بند کرنے کا حق حاصل نہیں۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بند سڑکیں فوری طور پر کھولی جائیں اور شہریوں کی اپنے گھروں کو محفوظ واپسی یقینی بنائی جائے۔آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بند راستے فوری طور پر کھولے جائیں اور شہریوں کو بلاخوف اپنے گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی جائے۔ قرارداد میں مسلح گروہوں کے خاتمے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے حوالے کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔