ہومتازہ ترینپاکستان اور چین کا ایل پی جی پلانٹ سمیت توانائی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق

پاکستان اور چین کا ایل پی جی پلانٹ سمیت توانائی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کے درمیان ملاقات میں ایل پی جی پلانٹ سمیت مختلف توانائی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے اور دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
ملاقات میں پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پیٹرول کی درآمد، ذخیرہ کرنے اور ترسیل سے متعلق لاجسٹکس کے انتظامات میں بھی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔اس موقع پر وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری بات چیت کو عملی منصوبوں، سرمایہ کاری اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی صدر کی ترجیحات پاک چین توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتی ہیں، جبکہ پاکستان باہمی تعاون کو ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ملاقات کے دوران توانائی کے شعبے میں چینی سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے اور جاری منصوبوں پر پیش رفت یقینی بنانے کے امور بھی زیر غور آئے۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔