ہومتازہ ترینپاک امریکہ تعلقات کے مستقبل پر پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کا اہم مباحثہ

پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل پر پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کا اہم مباحثہ

پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن (PAPA) کے زیر اہتمام ’’مڈٹرم انتخابات کے بعد: پاک امریکہ تعلقات کا مستقبل‘‘ کے موضوع پر ایک اہم مباحثے کا انعقاد کیا گیا، جس میں ممتاز صحافیوں، دفاعی تجزیہ کاروں اور کمیونٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

مسلمز فار امریکہ کے بانی ڈاکٹر ساجد تارڑ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو امریکی سیاست اور معاشرتی سرگرمیوں میں اپنا کردار مزید مؤثر بنانا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی امریکنز کو سیاست، کاروبار، تعلیم اور عوامی خدمت سمیت ہر شعبے میں آگے بڑھ کر دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروغ میں کردار ادا کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں حکومت کوئی بھی برسر اقتدار آئے پاکستان کے ساتھ تعلقات اس وقت بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور نہایت اہم ہیں ۔ پاکستان کا خطے اور خاص طور پر ایران جنگ کے حوالے سے کردار امریکہ کے لئے اہم ہے۔

دفاعی تجزیہ کار اکرم سہگل نے پاکستان کی جغرافیائی اور اسٹریٹجک اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی معاشی ترقی اور قومی مفادات کو ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات کو شخصیات کے بجائے طویل المدتی قومی مفادات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سفارتی تعاون کی بنیاد پر آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران پاکستان سے آئے ہوئے مہمانوں فیصل عزیز اور اکرم سہگل کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزازی ایوارڈز بھی پیش کیے گئے۔

پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن کے صدر خرم شہزاد اور سیکریٹری یوسف چوہدری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کو اہم قومی اور بین الاقوامی امور پر مکالمے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔