ہومپاکستانبلاول بھٹو کا خون خرابے سے متعلق بیان افسوسناک، پیپلز پارٹی اتحادی ہے مگر فیصلے سب کے لیے قابل قبول ہوں گے، حنیف عباسی

بلاول بھٹو کا خون خرابے سے متعلق بیان افسوسناک، پیپلز پارٹی اتحادی ہے مگر فیصلے سب کے لیے قابل قبول ہوں گے، حنیف عباسی

راولپنڈی (غلام مصطفیٰ بھٹی) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا خون خرابے سے متعلق بیان افسوسناک ہے، بڑے عہدے پر براجمان شخص کی جانب سے ایسے الفاظ کا استعمال مناسب نہیں، پیپلز پارٹی آج بھی ہمارے لیے قابل احترام اور اتحادی جماعت ہے، تاہم میٹھا میٹھا ہپ ہپ اور کڑوا کڑوا تھو نہیں ہو سکتا، جو فیصلے ہوں گے وہ سب کے لیے قابل قبول ہوں گے۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی کئی اہم فیصلے ہونا باقی ہیں، ان پر اتنی جلدی غصے کا اظہار مناسب نہیں، پیپلز پارٹی ایک بڑی سیاسی جماعت ہے، اسے تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل انتخابات اپنے مقررہ وقت 2029 میں ہی ہوں گے، آگے اللہ کی کیا تدبیر ہے یہ معلوم نہیں، سسٹم ری سیٹ ہونا ہوا تو ہو جائے گا، ورنہ موجودہ نظام ہی چلتا رہے گا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ وہ کئی مرتبہ کہہ چکے ہیں کہ پیپلز پارٹی پرانی تنخواہ پر ہی کام کرے گی، اگر ریفرنڈم ہوا تو عوام کے درمیان ہوگا اور عوام ہی اس پر ووٹ دیں گے، جس کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوان اس کی توثیق کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو حکومت میں مختلف آئینی عہدے اور دیگر اہم ذمہ داریاں حاصل ہیں، قانون سازی کے دوران بھی ہر جگہ ان کی حمایت سامنے آئی ہے، اگر 28ویں آئینی ترمیم آئی تو اس پر بھی پیپلز پارٹی کی مہر لگے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی تشکیل کے حوالے سے ابھی کسی جگہ کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، جب فیصلہ ہوگا تو پارلیمنٹ میں اس پر بحث اور ڈیبیٹ بھی ہوگی، صوبوں کا فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔ نئے صوبوں کی بات گزشتہ 30 سال سے سن رہے ہیں، اگر اب تک نہیں بنے تو ممکن ہے نہ بنیں، تاہم اگر نئے صوبے بنانے کا فیصلہ ہوا تو شاید تین ماہ میں بھی بن سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان نے اپنے سے ڈیڑھ گنا بڑے دشمن کو شکست دی ہے، قوم شہداء کی قربانیوں کا بدلہ کبھی ادا نہیں کر سکتی۔ ایک کیپٹن نے 50 ہزار روپے تنخواہ کے لیے جان نہیں دی بلکہ کروڑوں روپے کی گاڑیاں اور آسائشیں چھوڑ کر ملک کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ شہید سینے پر گولی کھاتا ہے، جبکہ دہشت گرد بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی افواج اور شہداء کی قربانیوں پر فخر ہے، دنیا بھی تسلیم کرتی ہے کہ کسی کو پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی طیاروں کے حوالے سے کیے گئے اعترافات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر دوبارہ دراندازی کی کوشش کی گئی تو اس کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا۔

حنیف عباسی نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 24 نومبر کو راولپنڈی آئیں گی، جبکہ ریلوے کے نظام میں بہتری کے لیے ٹریک کی تعمیر نو کا کام جاری ہے اور نئی کوچز بھی لائی جا رہی ہیں۔ راولپنڈی میں میٹرو اور گرین بس سروس شہریوں کو سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں، مزید بسیں بھی لائی جا رہی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر انڈر پاسز کی تعمیر بھی جاری ہے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں انٹر یونیورسٹی ٹیکوانڈو چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت طالبات کے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں مکمل اسپورٹس ایرینا بنانے کے ساتھ آڈیٹوریم کی اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔ راولپنڈی کے طالبات کے کالجز میں کرکٹ اور ہاکی اسٹیڈیم تعمیر کیے گئے ہیں، جبکہ ملک میں طالبات کے لیے بلیو آسٹرو ٹرف کی سہولت بھی راولپنڈی میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعمیر و ترقی کا سفر جاری رہے گا، دشمن چاہے جو مرضی کر لے، ہمیں پاکستانیت اور قومی اتحاد کا دامن نہیں چھوڑنا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔