اسلام آباد (سب نیوز) ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی نے 30ویں ای سی او وزارتی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ای سی او اجلاس کے انعقاد پرپاکستان اور وزارت خارجہ کے شکرگزارہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی علاقائی سالمیت کیخلاف جارحیت کی مذمت،ایرانی عوام سے اظہاریکجہتی کرنے والے ممالک کا شکریہ، ای سی اوکو اجتماعی اقدامات، مضبوط تعاون اورمشترکہ حکمت عملی کا موثرپلیٹ فارم بنانا ہوگا۔عباس عراقچی نے کہا کہ تجارت،ٹرانسپورٹ،توانائی ای سی اوتعاون کے3اہم اسٹریٹجک ستون ہونے چاہئیں،ای سی اوتجارتی معاہدے میں اصلاحات کیلئے تکنیکی مذاکراتی کمیٹی کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہیں، ای سی او رکن ممالک نئے اورموثر تجارتی معاہدے کیلئے مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران اقوام متحدہ کے چارٹراوربین الاقوامی قانون کے اصولوں پرکاربند ہے،ع گزشتہ2 سال سے ایران سفارتی روابط، تنازعات کے پر امن حل کیلئے پرعزم رہا ہے۔عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا نے جارحیت، دھمکیوں، ٹارگٹ کلنگ، معاشی دباو، ناکہ بندی کاراستہ اختیارکیا، امریکی اقدامات بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹرکی کھلی خلاف ورزی ہیں، خلیج فارس،آبنائے ہرمزکی صورتحال امریکا، اسرائیل کی ایران کیخلاف جارحانہ پالیسیوں کانتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود، تنصیبات ایک دوسرے کے خلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، ایران کے دفاعی اقدامات صرف جارحیت کرنے والوں کے اہداف اور فوجی اڈوں کیخلاف ہیں، ایران کے اقدامات کوپڑوسی ممالک کی حکومتوں یاعوام کیخلاف کارروائی نہ سمجھاجائے۔ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں سلامتی کیلئے عدم جارحیت، علاقائی مکالمے پر مبنی مشترکہ حکمت عملی ضروری ہے، ایران پرپابندیوں نے ایرانی عوام کے اپنے حقوق کے تحفظ کے عزم کو مضبوط کیا ہے، علاقائی توانائی کے تحفظ کیلئے قابل اعتماد، پائیدار نظام تشکیل دیناوقت کی ضرورت ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال انسانیت کیلئے شرمناک ہے، غزہ گزشتہ 3سال سے مکمل نسل کشی کاسامنا کررہا ہے، غزہ میں انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کیلئے اسرائیلی ناکہ بندی ختم کرائی جائے، اسرائیلی جیلوں میں تقریبا 10 ہزار فلسطینی قیدیوں کی حالت زارپربھی توجہ دینا ہوگی۔
خطے کے ممالک کی سرزمین، فضائی حدود اور تنصیبات ایک دوسرے کیخلاف حملوں کیلئے استعمال نہیں ہونی چاہیے، عباس عراقچی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
