اسلام آباد(سب نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا ہے کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کے لیے بنیادی اقتصادی ڈھانچے میں اصلاحات، صنعتی پیداوار کے فروغ اور مستقل طویل المدتی صنعتی پالیسی اپنانا ناگزیر ہے۔انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد(آئی ایس ایس آئی)کے زیر اہتمام پاک امریکہ اقتصادی تعلقات: پاکستان کے لیے امکانات اور مواقع کے موضوع پر گول میز مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مسائل کی بنیادی وجہ ساختی کمزوریاں، پالیسیوں میں عدم تسلسل اور قلیل المدتی مالی انتظامات پر انحصار ہے۔ پاکستان کو اپنی معاشی کمزوریوں کی ذمہ داری خود قبول کرتے ہوئے اصلاحات پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پالیسیوں میں عدم تسلسل، بلند شرح سود، مہنگی توانائی اور حکومتی فیصلوں میں غیر یقینی صورتحال صنعتی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے۔ صنعتی منصوبوں کی تکمیل اور سرمایہ کی واپسی کے لیے کئی سال درکار ہوتے ہیں، اس لیے سرمایہ کاروں کو مستقل اور قابل پیش گوئی پالیسی ماحول فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے چین کے ساتھ مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور مقامی صنعتکاروں کے اشتراک کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری مقامی صنعت کے ساتھ جوائنٹ وینچرز کی صورت میں لانی چاہیے تاکہ ملکی پیداواری صلاحیت، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہو۔صدر آئی سی سی آئی نے غیر ضروری سبسڈیز اور مخصوص شعبوں کو مراعات دینے کی پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مراعات اکثر طاقتور کاروباری گروپس کو فائدہ پہنچاتی ہیں، جبکہ عام صارفین اور دیگر صنعتی شعبے اس کے ثمرات سے محروم رہتے ہیں۔
انہوں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار(ایس ایم ایز)کے فروغ کو پائیدار معاشی ترقی کے لیے ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری رکاوٹوں، غیر ضروری ضابطوں اور بلند مالیاتی اخراجات کا خاتمہ کرکے ہی حقیقی معنوں میں کاروبار دوست ماحول پیدا کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے تجارتی سفارت کاری کو مثر بنانے کے لیے بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں کمرشل اتاشیوں کی تعیناتی کے حوالے سے نجی شعبے کے تجربہ کار کاروباری اور تجارتی ماہرین کو ترجیح دینے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی منڈیوں، کاروباری تقاضوں اور سرمایہ کاری کے مواقع سے واقف افراد ہی پاکستان کی تجارت اور برآمدات کے فروغ میں مثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ محمد ذکریا اکبر ضیا نے زور دیا کہ پاکستان کو قلیل المدتی معاشی اقدامات کے بجائے جامع، مستقل اور قابل عمل صنعتی حکمت عملی اپنانا ہوگی، کیونکہ مضبوط مقامی صنعت ہی پائیدار معاشی ترقی، روزگار کے مواقع اور برآمدات میں اضافے کی بنیاد بن سکتی ہے۔
