ہومتازہ ترینایس آئی ایف سی کا ون ونڈو بزنس فسلیٹیشن سنٹر قابلِ تحسین اقدام ہے، زکریا اکبر ضیاء

ایس آئی ایف سی کا ون ونڈو بزنس فسلیٹیشن سنٹر قابلِ تحسین اقدام ہے، زکریا اکبر ضیاء

کاروباری سہولتوں میں بہتری، ادارہ جاتی ہم آہنگی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں، صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر محمد زکریا اکبر ضیاء نے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چھٹہ اور ممتاز کاروباری شخصیات کے وفد کے ہمراہ اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے بزنس فسیلیٹیشن سینٹر اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں انہیں سرمایہ کاروں کو سہولتوں کی فراہمی، نئے کاروباری منصوبوں کے فروغ اور ملک میں کاروبار کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کے حوالے سے سینٹر کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر سینٹر کے سربراہ سلمان ملک اور ان کی ٹیم نے وفد کو ادارے کے طریقہ کار اور مختلف حکومتی محکموں کو ایک ہی چھت تلے یکجا کرکے سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولتیں فراہم کرنے کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
محمد زکریا اکبر ضیاء نے ون ونڈو بزنس فسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کو کاروباری برادری کی سہولت اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب ایک بروقت اور اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر کاروباری سہولت کاری، اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا فروغ پاکستان کی معاشی استعداد سے بھرپور استفادہ کرنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے محض پالیسی اعلانات کافی نہیں بلکہ عملی اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے۔ سرکاری طریقہ کار کو آسان بنانے، غیر ضروری رکاوٹوں کے خاتمے اور کاروباری افراد کے حقیقی مسائل کے فوری حل سے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی، صنعتی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی اور پاکستان کی برآمدی صلاحیت میں اضافہ ممکن ہوگا۔
آئی سی سی آئی کے صدر نے مزید کہا کہ سرکاری اداروں اور نجی شعبے کے درمیان قریبی تعاون سے سرمایہ کاری کے نئے اور غیر دریافت شدہ مواقع کی نشاندہی، سرمایہ کاروں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ اور ملک کی معاشی استعداد کو حقیقی اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی قومی معیشت کے استحکام، سرمایہ کاری کے فروغ اور پاکستان کو کاروبار و سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش منزل بنانے والے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔
وفد میں اسلام آباد انڈسٹریل ایسوسی ایشن کے صدر اویس خٹک، آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اسرار مشوانی، ابرار الحق، زوہیب ارشد ملک اور رانا استخار احمد خان، سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر میاں وقاص مسعود اور سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ بھی شامل تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔