اسلام آباد میں شاہ چارلس سوم کی سالگرہ کی تقریب، برطانوی اور پاکستانی فیشن اور ڈیزائن کی نمائش
تقریب میں برطانوی اور پاکستانی ڈیزائن پیش کیے گئے اور معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں تخلیقی شعبوں کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن نے 13 نومبر کو شاہ چارلس سوم کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پر وقار تقریب منعقد کی۔ تقریب میں دکھایا گیا کہ برطانیہ اور پاکستان کے تخلیقی شعبے دونوں ملکوں میں کاروبار کو فروغ دینے میں کس طرح مدد دے سکتے ہیں۔
وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہباز شریف تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب میں چھ سو سے زائد مہمانوں نے شرکت کی، جن میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، کاروباری شخصیات، ڈیزائنرز اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد شامل تھے۔
مہمانوں کے لیے برطانوی ملبوسات ساز اداروں، برطانیہ میں اپنا کاروبار بڑھانے والے پاکستانی ریٹیلرز اور پاکستانی نژاد برطانوی ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات پیش کیے گئے۔ موسیقی بینڈز نے معروف برطانوی گیت پاکستانی انداز میں پیش کیے۔ برطانوی شیف ٹونی ٹوبن اور ہائی کمشنر کی رہائش گاہ کے شیف نے مل کر تقریب کا مینیو ترتیب دیا، جس میں برطانیہ اور پاکستان کے منتخب پکوان شامل تھے۔
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، سی ایم جی، او بی ای، نے کہا:
” برطانیہ اور پاکستان مل کر بہترین خیالات اور منصوبوں کو زندگیاں بدل دینے والے عملی اقدامات میں تبدیل کر رہے ہیں۔برطانیہ کی تخلیقی صلاحیتیں اور پاکستان کی کاروباری مہارت مل کر دونوں ملکوں میں روزگار اور معاشی ترقی کے وسیع مواقع کا باعث بن سکتی ہیں۔ ہماری شراکت داری کا اگلا مرحلہ مل کر مواقع تخلیق کرنے، ایجادات کرنے اور ترقی کی راہ پر آگے بڑھنے کا ہے۔“
مہمانِ خصوصی، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا:
“میری تمنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کی دوستی پھلتی پھولتی رہے اور ہر آنے والی نسل کے ساتھ ہمارے عوام کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں۔“
برطانیہ اور پاکستان کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات ہیں۔ برطانیہ میں پاکستانی نژاد تقریباً 17 لاکھ افراد رہتے ہیں۔ پاکستان سے برطانیہ درآمد ہونے والی اشیا میں ملبوسات اور ٹیکسٹائل کا حصہ 75 فیصد سے زیادہ ہے۔ تخلیقی صنعتیں بھی برطانوی معیشت کا ایک اہم حصہ ہیں۔ سنہ 2024 میں ان صنعتوں نے معیشت میں 146 ارب پاؤنڈ، یعنی تقریباً 200 ارب امریکی ڈالر، کا حصہ ڈالا اور 24 لاکھ افراد ان شعبوں میں کام کر رہے تھے۔
رواں موسمِ خزاں میں معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شاہ چارلس سوم کی سالگرہ سے دو روز قبل، 12 نومبر کو بریڈفورڈ میں ویسٹ یارکشائر اور پاکستان کے سربراہی اجلاس میں کاروباری اداروں، حکومت اور جامعات کے تقریباً 100 سرکردہ نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل اور خوراک و مشروبات کے شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دسمبر میں برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی مذاکرات اور آنے والے ہفتوں میں سرمایہ کاری سے متعلق دیگر مجوزہ تقریبات کے ذریعے یہ سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔
اسلام آباد میں شاہ چارلس سوم کی 78ویں سالگرہ کی پروقار تقریب
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
