بیجنگ (سب نیوز)چین کے صدر شی جن پنگ نے تائیوان کے چین میں پرامن انضمام کو چین کی ناقابلِ تبدیل تاریخی منزل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مادرِ وطن کے ساتھ تائیوان کا مکمل الحاق لازمی طور پر حاصل کیا جائے گا، تاہم تائیوان حکومت نے ان کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کسی صورت ایک ملک، دو نظام کا فارمولا قبول نہیں کرے گی۔
بیجنگ کے گریٹ ہال آف دی پیپل میں چینی انقلاب کے ہیرو سن یات سین کے 160ویں یوم پیدائش کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ تائیوان کے معاملے کو حل کرنا کمیونسٹ پارٹی کا ایک اٹل تاریخی مشن ہے۔انہوں نے زور دیا کہ تاریخ کا دھارا نہیں روکا جا سکتا اور مادر وطن کے ساتھ تائیوان کا مکمل الحاق ضرور ہو کر رہے گا۔ چین تائیوان کو اپنا حصہ سمجھتا ہے اور ایک ملک، دو نظام کے ماڈل کے تحت پرامن الحاق کا خواہاں ہے، چین نے تائیوان کے معاملے پر طاقت کے استعمال کے آپشن کو بھی کبھی ترک نہیں کیا۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے تائیوان کے پرامن الحاق اور مذاکرات پر زور دیا، تاہم اپنے خطاب میں تائیوان کے خلاف فوجی طاقت کے استعمال کا کوئی ذکر نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تائیوان کا چین کے ساتھ الحاق ہو کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ چین تائیوان کے ساتھ پرامن اتحاد اور ایک ملک، دو نظام کی پالیسی پر کاربند ہے اور ون چائنا اصول کے تحت تائیوان کے ساتھ بات چیت کے لیے بھی تیار ہے۔ ادھر چینی صدر کے بیان پر تائیوان کی حکومت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے مسترد کر دیا ہے۔
تائیوان کی مین لینڈ افیئرز کونسل نے واضح کیا کہ نہ تو تائیوان کی حکومت اور نہ ہی وہاں کے عوام ایک ملک، دو نظام کے فارمولے کو قبول کر سکتے ہیں، کیونکہ اس کا حتمی نتیجہ چینی کمیونسٹ پارٹی کے نظام کے سامنے سرِ تسلیم خم کرنا ہوگا۔کونسل کے ترجمان لیانگ وین چی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان کے انضمام سے متعلق شی جن پنگ کے بیان میں ماضی کے چینی مقف کے مقابلے میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آتی۔تائیوان کی حکومت کا موقف ہے کہ اس کے مستقبل کا فیصلہ صرف وہاں کے عوام ہی کر سکتے ہیں۔اگرچہ شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں تائیوان کے خلاف طاقت کے استعمال کا ذکر تک نہیں کیا، تاہم چین نے فوجی طاقت کے آپشن کو کبھی باضابطہ طور پر ترک بھی نہیں کیا۔
شی جن پنگ کا یہ خطاب چینی انقلابی رہنما سن یات سین کی 160ویں سالگرہ کے موقع پر کیا گیا، جنہوں نے 1911 کے انقلاب کی قیادت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔اس انقلاب کے نتیجے میں چین میں صدیوں سے قائم بادشاہت کا خاتمہ ہوا اور جمہوریہ چین کی بنیاد پڑی۔ چین میں سن یات سین کو عظیم قومی ہیرو، محب وطن اور 1949 کے کمیونسٹ انقلاب کا پیشرو قرار دیا جاتا ہے۔اس انقلاب کے نتیجے میں جمہوریہ چین کی حکومت کو تائیوان منتقل ہونا پڑا، جہاں وہ آج بھی قائم ہے۔شی جن پنگ نے اپنے خطاب میں سن یات سین کو چین کے جمہوری انقلاب کا عظیم پیشرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ملک کے اتحاد اور قومی یکجہتی کی حمایت کی اور ملک یا قوم کو تقسیم کرنے والے اقدامات اور بیانات کی مخالفت کی۔چینی صدر نے کہا کہ سن یات سین نے قومی اتحاد کو ہمیشہ مقدم رکھا اور ان کے نظریات کو چین کی تاریخ کے تناظر میں اہم مقام حاصل ہے۔
تاریخ کا دھارا روکا نہیں جا سکتا، تائیوان کا چین میں مکمل انضمام ہو کر رہے گا، صدر شی جن پنگ کا اعلان
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
