اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کسی بھی قسم کے بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطوں کی تردید کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت کے پی ٹی آئی سے اس وقت کوئی رابطے نہیں ہورہے اور تحریک انصاف کے لیے نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی کسی قسم کی ڈھیل دی جارہی ہے، پی ٹی آئی کے تمام معاملات عدالتوں کے ذریعے ہی حل ہوں گے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ بیک ڈور رابطوں کی باتیں محض خواہشات ہیں، ایک طرف پی ٹی آئی والے خود کو آئرن مین ظاہر کررہے ہیں جب کہ دوسری جانب رابطوں کی باتیں بھی کرتے ہیں، جو ان کے اپنے موقف سے مختلف ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کا جواب سامنے آچکا ہے، وکلا کو طبی ماہر بننے کے بجائے قانونی نکات پر توجہ دینی چاہیے۔وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کو اپنے معاملات کے حل کے لیے عدالتوں سے ہی رجوع کرنا ہوگا اور اس کے لیے راستہ بھی عدالت سے ہی ملے گا۔
وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ بیک ڈور یا فرنٹ ڈور رابطوں کی تردید کردی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
