ہومپاکستانمانسہرہ کے گاوں بکی میں جاپان کے تعاون سے واٹر سپلائی سسٹم کا افتتاح

مانسہرہ کے گاوں بکی میں جاپان کے تعاون سے واٹر سپلائی سسٹم کا افتتاح

مانسہرہ (سب نیوز)جاپان کے سفیر اکاماتسو شوئیچی نے بدھ کو خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے گاوں بکی میں واٹر سپلائی سسٹم کی تنصیب کے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔یہ منصوبہ فرینڈز ویلفیئر ایسوسی ایشن پاکستان نے مکمل کیا جو تعلیم، صحت، واش سہولیات اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے ذریعے پاکستان میں کمزور برادریوں کی مدد کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ہے۔
حکومت جاپان نے اپنے گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پراجیکٹس پروگرام کے تحت اس منصوبے کے لیے 59764 امریکی ڈالر کی مالی مدد فراہم کی۔افتتاحی تقریب میں رکن صوبائی اسمبلی خیبر پختونخوا سردار شاہجہان یوسف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مانسہرہ اسد محمود لودھی، جاپانی سفارت خانے کے حکام، ایف ڈبلیو اے کے نمائندوں، مقامی واش کمیٹی کے ارکان اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ایف ڈبلیو اے نے گریویٹی فلو واٹر سپلائی سسٹم کی تعمیر کامیابی سے مکمل کی ہے، جس میں 6013 میٹر جستی لوہے کی مین سپلائی پائپ لائن اور واٹر انٹیک ٹینک شامل ہے۔
ایف ڈبلیو اے اور مقامی برادری نے کھدائی کے کام، سامان کی مقامی نقل و حمل اور پانی کے معیار کی جانچ کے لیے اضافی وسائل بھی فراہم کیے تاکہ محفوظ اور قابل اعتماد پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔منصوبے کی طویل مدتی پائیداری کے لیے ایف ڈبلیو اے نے 20 رکنی واش کمیٹی بھی قائم کی اور اس کے ارکان کو پانی کے معیار کے انتظام، حفظان صحت کے فروغ اور سسٹم کے آپریشن و دیکھ بھال کی تربیت دی۔یہ منصوبہ گاوں بکی میں صاف پانی کی شدید ضرورت کا جواب ہے جہاں رہائشیوں، خاص طور پر خواتین اور لڑکیوں کو روزانہ پانی جمع کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔نیا نصب شدہ سسٹم 6,000 سے زیادہ رہائشیوں کو محفوظ پینے کا پانی فراہم کرتا ہے جس سے صحت میں بہتری، پانی جمع کرنے کے بوجھ میں کمی، بچوں کے لیے تعلیمی مواقع میں اضافہ اور پوری برادری کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔
تقریب سے خطاب میں سفیر اکاماتسو نے ایف ڈبلیو اے کو منصوبے کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور زور دیا کہ محفوظ پانی تک رسائی لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے اور معاشرے کی پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ محفوظ پانی تک بہتر رسائی سے پانی جمع کرنے کے روزانہ بوجھ میں خصوصا خواتین اور لڑکیوں کے لیے کمی آئے گی اور بچوں کے لیے تعلیمی مواقع پیدا ہوں گے جبکہ ان کا معیار اور پوری برادری کی صحت بھی بہتر ہوگی۔انہوں نے واٹر سپلائی سسٹم کی طویل مدتی پائیداری کو یقینی بنانے کے لیے مناسب دیکھ بھال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔جاپانی سفیر نے پاکستان کی پائیدار ترقی میں مدد کے لیے جاپان کے عزم کا اعادہ کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ واٹر سپلائی سسٹم جاپان اور پاکستان کے درمیان دوستی کی دیرپا علامت ثابت ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔