ہومپاکستاناو آئی سی ممالک میں کلینیکل ریسرچ نظام مضبوط بنانے پر زور

او آئی سی ممالک میں کلینیکل ریسرچ نظام مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد(سب نیوز) ماہرینِ صحت، سائنس دانوں اور ریگولیٹری اداروں کے نمائندوں نے پاکستان اور او آئی سی ممالک میں کلینیکل ریسرچ کے اداروں کو مضبوط بنانے، بہتر ضابطہ کاری اور تربیت یافتہ افرادی قوت میں اضافے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ مسلم ممالک عالمی طبی تحقیق اور نئی ادویات و علاج کی تیاری میں زیادہ موثر کردار ادا کرسکیں۔یہ بات او آئی سی کامسٹیک اور الشفا ٹرسٹ کے مشترکہ زیر اہتمام پاکستان اور او آئی سی رکن ممالک میں کلینیکل ریسرچ کی صلاحیت اور جدت کے فروغ کے موضوع پر کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقدہ پری کانفرنس میں کہی گئی۔کانفرنس میں 150 سے زائد شرکا نے بالمشافہ جبکہ تقریبا 100 افراد نے آن لائن شرکت کی۔ سینیگال، ملائیشیا اور کینیڈا کے ماہرین نے براہِ راست جبکہ ایران اور ایتھوپیا کے ماہرین نے آن لائن شرکت کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی صحت کے شعبے کو بدل رہی ہے، تاہم اصل چیلنج ان سائنسی کامیابیوں کو بیماریوں کی روک تھام، تشخیص اور علاج کے مثر حل میں تبدیل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے کئی ممالک اب بھی تحقیقی ڈھانچے، مالی وسائل اور تربیت یافتہ ماہرین کی کمی کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے باعث ان کی آبادی عالمی کلینیکل مطالعات میں مناسب نمائندگی حاصل نہیں کر پا رہی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو صرف طبی ٹیکنالوجی کے صارف نہیں بلکہ اس کی تیاری، تحقیق اور کلینیکل توثیق میں بھی فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔الشفا ٹرسٹ کے صدر میجر جنرل(ر) رحمت خان نے کہا کہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر وسیع شرکت کلینیکل ریسرچ اور صحت کے شعبے میں شراکت داری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاس ہے۔ انہوں نے ہسپتالوں، جامعات، ریگولیٹری اداروں اور تحقیقی مراکز کے درمیان مضبوط تعاون پر زور دیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان ڈاکٹر عبیداللہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس بڑی آبادی، قابل طبی افرادی قوت اور تحقیق کی بھرپور صلاحیت موجود ہے، تاہم جامعات، ہسپتالوں، محققین اور ریگولیٹری اداروں کے درمیان بہتر رابطہ ناگزیر ہے۔

انہوں نے اہم اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر کامسٹیک کے کردار کو سراہا۔سائنسی نشستوں میں ویکسین کی تیاری، بایومیڈیکل تحقیق، سانس کی بیماریوں، سیل تھراپی، مصنوعی ذہانت کے ذریعے طبی تحقیق، کلینیکل ٹرائلز کے بنیادی ڈھانچے، سرطان کی تحقیق اور جدید علاج سمیت مختلف موضوعات زیر بحث آئے۔سینیگال کے انسٹی ٹیوٹ پاسچر، ایران کے رویان انسٹی ٹیوٹ اور پاسچر انسٹی ٹیوٹ، ایتھوپیا کی ادیس ابابا یونیورسٹی، ڈا یونیورسٹی، انڈس ہسپتال، شوکت خانم کینسر ہسپتال اور جامعہ کراچی کے آئی سی سی بی ایس سمیت مختلف اداروں کے ماہرین نے اظہار خیال کیا۔ماہرین نے کلینیکل ٹرائلز میں معیار، ضابطہ کاری، تحقیق کے انتظام اور پاکستان میں مضبوط کلینیکل ریسرچ نظام کے قیام سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری نے جامعات، ہسپتالوں، صنعت اور تحقیقی اداروں پر زور دیا کہ وہ مشترکہ تربیت، علمی تبادلوں اور تحقیقی شراکت داریوں کو مستقل بنیادوں پر آگے بڑھائیں۔مرکزی بین الاقوامی کانفرنس 11 نومبر کو الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال میں منعقد ہوگی، جس میں ملکی و غیر ملکی ماہرین کلینیکل ریسرچ، جدید علاج اور صحت کے شعبے میں تعاون پر مزید غور کریں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔