جدہ(خالد نواز چیمہ )سعودی عرب کی معروف کاروباری و سیاسی شخصیت چوہدری محمد افضل مبشر چیمہ نے اوورسیز پاکستانیز فاونڈیشن کے چیئرمین بورڈ آف گورنرز سید قمر رضا شاہ سے خصوصی ملاقات کی، جس میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل، ان کے حل اور اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چوہدری محمد افضل مبشر چیمہ نے سید قمر رضا شاہ کی اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل، ان کی فلاح و بہبود اور پاکستان و بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان مضبوط روابط کے فروغ کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت کا ایک اہم ستون ہیں اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔چوہدری محمد افضل مبشر چیمہ نے چیئرمین او پی ایف سید قمر رضا شاہ کو سعودی عرب کے دورے کی خصوصی دعوت بھی دی، تاکہ وہ یہاں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے براہِ راست ملاقات کریں اور ان کے مسائل و تجاویز سے آگاہی حاصل کریں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سید قمر رضا شاہ کی قیادت میں او پی ایف بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں ان کے کردار کو مزید مثر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو فروغ دیا جائے گا۔
