راولپنڈی (سب نیوز)گزشتہ روز گھر میں قتل کی گئی ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جس میں اہلخانہ، رشتہ داروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دوسری جانب ربیعہ احسن قتل کیس میں ڈسٹرکٹ کورٹ راولپنڈی نے ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
پولیس نے مقتولہ کے شوہر احسن کو علاقہ مجسٹریٹ طلعت وحید کی عدالت میں پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم کو 2 روز کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔ جج نے پولیس کو ہدایت کی کہ ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کیا جائے۔ربیعہ احسن کو گلشن آباد کے علاقے میں گھر میں گولی مار کر قتل کیا گیا تھا۔ سٹی پولیس آفیسر حسن سکھیرا کے مطابق مقتولہ کو گردن کے نیچے گولی کا زخم آیا تھا۔ربیعہ احسن اس سے قبل سینیئر صحافیوں عامر متین اور روف کلاسرا کے ساتھ کرنٹ افیئرز شو کی مشترکہ میزبانی کر چکی تھیں۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں صدر بیرونی تھانے میں شوہر احسن کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302(قتل عمد) اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس 2015 کی دفعہ 2-اے کے تحت مقدمہ درج کر کے ملزم کو حراست میں لیا گیا تھا۔ملزم احسن نے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ اس سے اتفاقیہ گولی چلی جو ربیعہ کو لگی۔ پولیس کے مطابق گھر کے ایک مرد ملازم نے بھی بتایا تھا کہ شوہر نے گولی اتفاقیہ چلنے کا دعوی کیا تھا۔ تاہم پولیس واقعے کی تمام پہلووں سے تفتیش کر رہی ہے۔
دوسری جانب خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے ربیعہ احسن کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے حقائق کے تعین اور ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے مکمل، غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کی نماز جنازہ ادا، شوہر کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
