اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کابینہ نے کانسٹی ٹیوشن ون سے متعلق جے آئی ٹی کی رپورٹ کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد قانونی طور پر عمارت کا قبضہ حکومت کے پاس آگیا ہے، جبکہ چند ماہ میں اسے فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ حکومت طویل عرصے سے جے آئی ٹی کی رپورٹ کا انتظار کررہی تھی، جس کی منظوری آج کابینہ نے دے دی ہے۔ اب اس معاملے میں قانونی پیش رفت کے بعد کانسٹی ٹیوشن ون کا قبضہ ہمارے پاس آگیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد میں ہوٹلوں کی شدید کمی ہے، جبکہ اس عمارت کا بنیادی مقصد بھی یہی تھا کہ اسے ہوٹل کے طور پر استعمال کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہوگی کہ آئندہ چند ماہ میں کانسٹی ٹیوشن ون کو فائیو اسٹار ہوٹل میں تبدیل کردیا جائے، جس سے اسلام آباد کے شہریوں کو جلد ایک معیاری فائیو اسٹار ہوٹل کی سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں جس بے دردی سے سرکاری زمینوں پر قبضے کیے گئے ہیں، اس کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔ سرکاری اراضی پر قبضے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ہر حال میں زمین واگزار کرائی جائے گی۔وزیر داخلہ نے کانسٹی ٹیوشن ون کا قبضہ حاصل کرنے کے دوران پیش آنے والی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جس دن حکومت نے عمارت کا قبضہ لینے کی کوشش کی، اس روز ایک عجیب ماحول بنایا گیا۔ان کے بقول ایسا تاثر دیا گیا جیسے حکومت نے کوئی جرم کردیا ہو، حالانکہ ہمارا مقصد صرف قانون کے مطابق کارروائی اور سرکاری زمین کی واگزاری تھا۔محسن نقوی نے کہا کہ اس معاملے میں وزیراعظم کی جانب سے انہیں مکمل حمایت حاصل رہی اور حکومت کا بنیادی مقصد ایک ہی معیار قائم کرنا تھا، جہاں امیر اور غریب کے لیے الگ الگ اصول نہ ہوں۔
محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ سرکاری زمینوں اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران انہیں مختلف حلقوں کی جانب سے دباو کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ یہ بتانا بھی ممکن نہیں کہ اس کارروائی کو روکنے یا متاثر کرنے کے لیے کہاں کہاں سے دبا آیا، تاہم حکومت اپنے موقف پر قائم رہی۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کسی کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی، خواہ معاملہ کسی بھی علاقے یا جگہ کا ہو، اگر زمین سرکاری ہے تو اسے ہر صورت واگزار کرایا جائے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد محض کارروائی کرنا نہیں بلکہ سرکاری زمینوں پر قبضے میں ملوث عناصر کو ان کے انجام تک پہنچانا بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، اس لیے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔محسن نقوی نے اس موقع پر سی ڈی اے کے ممبران کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے سرکاری زمینوں کی واگزاری اور قبضہ مافیا کے خلاف اقدامات میں کسی قسم کی نرمی نہیں ہونی چاہیے۔
وزیر داخلہ نے کانسٹی ٹیوشن ون منصوبے سے متعلق متاثرہ افراد کی رقوم کی واپسی کے حوالے سے بھی واضح اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ جن افراد نے اس منصوبے میں جو ادائیگی کی ہے، انہیں ان کی رقم واپس ملے گی۔ پروجیکٹ کے متاثرین کو ان کی ادا کردہ رقوم کی واپسی یقینی بنائی جائے گی۔محسن نقوی کے مطابق حکومت کا مقصد کسی کے ساتھ ناانصافی کرنا نہیں بلکہ سرکاری زمین کو قبضے سے آزاد کرانا اور قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے۔انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ سرکاری اراضی جہاں بھی ہوگی، اسے واگزار کرایا جائے گا اور اس معاملے میں کسی بااثر یا عام شہری کے لیے الگ معیار نہیں ہوگا۔
ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کا قبضہ حاصل کرلیا، چند ماہ میں یہاں فائیو اسٹار ہوٹل بنائیں گے، محسن نقوی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
