ہومپاکستانکامسٹیک اور بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے درمیان فنی تعلیم، ہنرمندی اور سائنسی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

کامسٹیک اور بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی کے درمیان فنی تعلیم، ہنرمندی اور سائنسی تحقیق میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز): بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اسکل ڈویلپمنٹ خیرپور میرس کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رسول بخش مہر نے او آئی سی کے سائنسی و تکنیکی تعاون کے ادارے کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری سے ملاقات کی، جس میں فنی تعلیم، ہنرمندی کے فروغ، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے، عملی تحقیق، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع کو وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔

دونوں جانب سے مشترکہ تربیتی پروگراموں، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں، وظائف، انٹرن شپ اور مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے قومی پروگرام برائے خاتمہ ہیپاٹائٹس سی انفیکشن کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء اللہ خان داوڑ بھی موجود تھے۔ انہوں نے پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں کامسٹیک کے ساتھ تحقیق، عوامی آگاہی، معلومات کے تبادلے اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ اداروں کے درمیان مربوط کوششیں، سائنسی تعاون اور عملی اقدامات نوجوانوں کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق ہنر اور مہارتیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ملاقات میں پاکستان کو ہیپاٹائٹس سی سے پاک ملک بنانے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے تعلیمی اور سائنسی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔