راولپنڈی (سب نیوز): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی فہد ہارون نے کہا ہے کہ پاکستان کے پرامن اور خوشحال مستقبل کی بنیاد باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی، انصاف اور ہر شہری کے مساوی حقوق و وقار کے تحفظ پر استوار ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی میں نیشنل پیس کمیٹی فار انٹرفیتھ ہارمنی اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریبِ تقسیمِ ایوارڈز میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔
فہد ہارون نے کمیٹی کی جانب سے معاشرے کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیات کی حوصلہ افزائی اور اعترافِ خدمات کو سراہتے ہوئے تمام ایوارڈ حاصل کرنے والوں کو دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، انسانی حقوق کے تحفظ اور سماجی بہبود کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد معاشرے کے لیے قابلِ قدر سرمایہ ہیں۔
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان کا تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ ہماری طاقت ہے، جبکہ پاکستان سے مشترکہ وابستگی اور قومی یکجہتی ہمیں ایک قوم کی حیثیت سے متحد رکھتی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی احترام، مذہبی رواداری، انصاف اور تمام شہریوں کے مساوی حقوق کا تحفظ ایک پرامن اور خوشحال پاکستان کی تشکیل کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔
فہد ہارون نے اپنے پیغام کا اختتام پاکستان زندہ باد کے نعرے کے ساتھ کیا۔
فہد ہارون کی نیشنل پیس کمیٹی کی تقریبِ تقسیمِ ایوارڈز میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی حقوق کے فروغ پر زور
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
