اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نے 2 نومبر 2026 کو یونیورسٹی آف فیصل آباد میں منعقدہ جدید STEAM تعلیم سے متعلق چوتھی بین الاقوامی کانفرنس (ICASE-2026) کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور خطاب کیا۔
کانفرنس کا موضوع ’’مستقبل کے لیے تیار معاشرے کی تشکیل میں STEAM تعلیم کا کردار‘‘ تھا۔
اپنے خطاب میں سفیر یوسف شریف زادہ نے تیزی سے بدلتی عالمی صورتحال کے تناظر میں سائنس، تعلیم، جدید سائنسی علوم، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدت طرازی کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، بائیو ٹیکنالوجی اور قابل تجدید توانائی کے ذرائع دنیا کے معاشی و سماجی ترقی کے عمل پر گہرے اثرات مرتب کر رہے ہیں، جس کے باعث تعلیمی نظام کو بھی نئے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت امام علی رحمان کی قیادت میں تاجکستان سائنس و تعلیم کے فروغ، تعلیمی معیار میں بہتری، سائنسی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ماہرین کی تیاری پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔
دوطرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے تاجک سفیر نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعلیمی روابط اور دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے مابین تعاون کی بنیاد پہلے ہی موجود ہے، تاہم ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے طلبہ اور اساتذہ کے تبادلے، مشترکہ سائنسی و تحقیقی منصوبوں، علمی کانفرنسوں کے انعقاد اور دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان براہ راست روابط کے فروغ کو اہم قرار دیا۔
سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجکستان کا سفارت خانہ دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اور سائنسی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کی حمایت کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
کانفرنس کے موقع پر سفیر یوسف شریف زادہ نے یونیورسٹی آف فیصل آباد کے مختلف شعبوں، تعلیمی و تحقیقی سہولیات اور ادارے کے بنیادی ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے یونیورسٹی کی قیادت سے ملاقات بھی کی، جس میں پاکستان اور تاجکستان کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان تعلیمی اور سائنسی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں براہ راست بین الجامعات روابط کے قیام، طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں، مشترکہ تعلیمی پروگراموں اور تحقیقی منصوبوں کے آغاز سمیت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، انجینئرنگ اور دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تعلیمی و سائنسی تعاون کے فروغ پر اتفاق، تاجک سفیر کا یونیورسٹی آف فیصل آباد کا دورہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
