سری نگر(آئی پی ایس )مقبوضہ جموں کشمیر کے وزیراعلی عمر عبداللہ نے معروف بھارتی صحافی اور سابق ٹی وی اینکر ندھی رازدان سے دوسری شادی کرلی ہے۔انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنی نئی اہلیہ کے ہمراہ تصویر شیئر کرکے شادی کی تصدیق کی۔عمر عبداللہ نے سوشل میڈیا پر ندھی رازدان کے ساتھ تصویر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ کل ایک نئے سفر کا آغاز ہوا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں ندھی رازدان کو بھی ٹیگ کیا۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عمر عبداللہ نے اپنی پہلی اہلیہ پائل عبداللہ سے طلاق کے تقریبا 3 ماہ بعد دوسری شادی کی ہے۔
عمر عبداللہ اور پائل عبداللہ کی شادی 1994 میں ہوئی تھی۔ دونوں کی پہلی ملاقات نئی دہلی کے معروف اوبرائے ہوٹل میں ملازمت کے دوران ہوئی تھی، جس کے بعد وہ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے۔ اس شادی سے ان کے 2 بیٹے ظاہر اور ضمیر ہیں۔دونوں کے ازدواجی تعلقات میں اختلافات کے بعد 2009 سے علیحدگی اختیار کرلی گئی تھی، جبکہ عمر عبداللہ نے 2011 میں باضابطہ طور پر اپنی اہلیہ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔طویل عرصے تک جاری رہنے والے ازدواجی تنازع کے بعد 31 جولائی 2026 کو بھارتی سپریم کورٹ نے عمر عبداللہ اور پائل عبداللہ کے باہمی رضامندی سے شادی ختم کرنے کے فیصلے پر اتفاق کیا تھا۔
اس موقع پر دونوں نے اپنے تمام باہمی تنازعات حل کرنے اور ایک دوسرے کے خلاف عدالتوں میں زیر التوا مقدمات واپس لینے پر بھی رضامندی ظاہر کی تھی۔ندھی رازدان بھارت کی معروف صحافی اور سابق ٹیلی ویژن اینکر ہیں، جو طویل عرصے تک بھارتی نیوز چینل این ڈی ٹی وی سے وابستہ رہی ہیں۔انہوں نے صحافت اور ٹیلی ویژن نیوز کے شعبے میں کئی برس خدمات انجام دیں اور بھارتی میڈیا میں نمایاں شناخت حاصل کی۔ عمر عبداللہ اور ندھی رازدان کی شادی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین دونوں کو مبارکبادیں دے رہے ہیں، اور مختلف تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔
