دوحہ:وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح کردیا۔ وزارتِ تجارت کے مطابق اس مرکز کے قیام کا مقصد قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور ملکی برآمدات کو فروغ دینا ہے۔
اس موقع پر جام کمال خان نے دوحہ میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے تجارتی تعلقات مضبوط بنانے اور پاکستانی برآمدات میں اضافے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ قطری منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بڑھانے کے لیے کاروباری روابط مضبوط بنانا ضروری ہے۔ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کاروباری برادری ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔
ملاقات میں پاکستانی برآمد کنندگان اور قطری کاروباری اداروں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔ وزارتِ تجارت کے مطابق ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر پاکستانی مصنوعات کو قطری خریداروں کے سامنے متعارف کرانے اور نئی تجارتی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔ ان کے مطابق پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
قطر میں پاکستانی مصنوعات کے ایکسپورٹ ڈسپلے سینٹر کا افتتاح
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
