ہومدنیاچین کا امریکہ اور ایران پر جنگ بندی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے زور

چین کا امریکہ اور ایران پر جنگ بندی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے زور

اقوام متحدہ :اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے فو چھونگ نے سلامتی کونسل میں ایران کے جوہری مسئلے پر منعقدہ کھلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام فریق امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کے فروغ کے لیے اقدامات کریں۔ فو چھونگ نے کہا کہ اس وقت مشرق وسطیٰ کی صورت حال مسلسل کشیدہ ہے، جس سے خطے اور عالمی امن و استحکام کو شدید دھچکا پہنچ رہا ہے۔ امریکہ کی جانب سے ایران کے جوہری مسئلے سے متعلق جامع معاہدے سے یک طرفہ طور پر علیحدگی، ایران پر یک طرفہ پابندیوں کی بحالی اور ان میں مسلسل اضافہ، نیز “زیادہ سے زیادہ دباؤ” کی پالیسی موجودہ بحران کی بنیادی وجوہات ہیں۔فو چھونگ نے زور دیا کہ ایران کے جوہری مسئلے کے حل کا واحد راستہ سیاسی اور سفارتی ذرائع ہیں۔ متعلقہ دستاویزات میں طے شدہ بنیادی اہداف اور مقاصد سے دستبردار نہیں ہونا چاہیے، جبکہ مرحلہ وار اور باہمی اقدامات، نیز حقوق و ذمہ داریوں میں توازن جیسے اہم اصولوں پر بھی قائم رہنا چاہیے۔ ایران کو جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کے اپنے عہد کی پاسداری کرنی چاہیے، جبکہ دیگر فریقوں کو بھی جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے رکن ملک کی حیثیت سے ایران کے پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے استعمال کے حق کا احترام کرنا چاہیے۔امریکہ کو ایران کے خلاف دوبارہ فوجی طاقت استعمال نہ کرنے کا عہد کرنا چاہیے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ نگرانی کی سرگرمیاں کسی فوجی دھمکی یا دباؤ کے بغیر مؤثر انداز میں انجام دی جا سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔