اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، موسمیاتی تبدیلی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مالدیپ کے صدر کو نیک تمناوں کا پیغام پہنچایا اور انہیں اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔نائب وزیراعظم نے پاکستان اور مالدیپ کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے مالدیپ پاکستان بزنس فورم میں مالدیپ کے کاروباری وفد کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے کاروباری حلقوں کے درمیان روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفاد کے لیے تعاون کے نئے شعبے تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار کی مالدیپ کے صدر سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
