اسلام آباد (سب نیوز) رومانیہ کے سفیر ڈاکٹر ڈین اسٹوئنسکو نے پاکستان کے قائم مقام وفاقی پراسیکیوٹر جنرل چوہدری منظور احمد ججہ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل میاں محمد فیصل عرفان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان عدالتی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رومانیہ کے سفیر کے مطابق، ملاقات میں غیر قانونی نقل مکانی اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام، باہمی قانونی معاونت، سائبر کرائم اور منی لانڈرنگ کے خلاف اقدامات سمیت پراسیکیوشن کے شعبے میں تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے پر گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں رومانیہ کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کرسٹیان کروما اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ زمیندار احسن شاہ بھی شریک تھے۔
ڈاکٹر ڈین اسٹوئنسکو نے کہا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی تعاون مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، قانون کی حکمرانی کو مضبوط بنانے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عدالتی اور قانونی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے کر جرائم کی روک تھام، قانونی معاونت اور ادارہ جاتی تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔
