ہومتازہ ترینجاپان کے تعاون سے ترنول اسلام آباد میں ٹائن گرلز ماڈل پرائمری اسکول کا افتتاح

جاپان کے تعاون سے ترنول اسلام آباد میں ٹائن گرلز ماڈل پرائمری اسکول کا افتتاح

اسلام آباد(سب نیوز) پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو شوچی نے بدھ کے روز اسلام آباد کے علاقے ترنول میں ٹائن گرلز ماڈل پرائمری اسکول کا افتتاح کیا۔ اسکول کی تعمیر جاپانی حکومت کی مالی معاونت سے مکمل کی گئی ہے، جس کا مقصد علاقے کی بچیوں کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔جاپانی سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، جاپان کی حکومت نے گراس روٹس ہیومن سیکیورٹی پراجیکٹس پروگرام کے تحت اس منصوبے کے لیے 44 ہزار 25 امریکی ڈالر فراہم کیے۔

منصوبے پر کمیونٹی سروسز پروگرام نامی غیر سرکاری تنظیم نے عمل درآمد کیا، جو پاکستان میں تعلیم، صحت، صاف پانی اور خواتین کو بااختیار بنانے کے شعبوں میں کام کر رہی ہے۔افتتاحی تقریب میں جاپانی سفارت خانے کے حکام، سی ایس پی کے نمائندوں، اساتذہ، طالبات، والدین اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔اسکول میں آٹھ کلاس رومز، پرنسپل کا دفتر، واش رومز، ہموار کھیل کا میدان اور طالبات کے لیے 250 کرسیاں فراہم کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ سی ایس پی نے اضافی وسائل سے شمسی توانائی کا نظام، زیرِ زمین پانی ذخیرہ کرنے کا ٹینک، الیکٹرک واٹر کولر اور ڈیجیٹل تعلیم کے لیے انٹرایکٹو اسمارٹ بورڈ بھی نصب کیا ہے۔نئے اسکول میں اس وقت 240 طالبات زیرِ تعلیم ہیں، جبکہ اس کی گنجائش 250 طالبات تک ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ترنول میں بچیوں کو درپیش تعلیمی رکاوٹوں کو کم کرنا اور انہیں محفوظ، آرام دہ اور جدید تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپانی سفیر اکاماتسو شوچی نے منصوبے کی کامیاب تکمیل پر سی ایس پی کو مبارک باد دی اور مشکل موسمی حالات کے باوجود تعمیراتی کام مکمل کرنے کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم نہ صرف بنیادی انسانی حق ہے بلکہ انسانی تحفظ کا ایک اہم ستون اور بہتر و خوشحال معاشرے کی بنیاد بھی ہے۔ ان کے مطابق، پاکستان کے مستقبل کے لیے بچیوں کی تعلیم خصوصی اہمیت رکھتی ہے، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں جاپان کے ترقیاتی تعاون کے پروگراموں میں تعلیم کو کلیدی ترجیح حاصل ہے۔جاپانی سفیر نے پاکستان کی پائیدار ترقی کے لیے جاپان کی مسلسل حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ اسکول پاکستان اور جاپان کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون کی ایک پائیدار علامت ثابت ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔