اسلام آباد (سب نیوز) ناروے کے سفیر نے چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف سے ملاقات کی، جس میں اسلام آباد کی شہری ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد کو جدید، خوبصورت اور ماحول دوست دارالحکومت بنانے کے لیے جاری اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر شجرکاری، شہر میں سرسبز مقامات کے فروغ، کھیلوں کی سرگرمیوں اور سیاحت کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے ناروے کے سفیر کو اسلام آباد کی ترقی، بنیادی شہری سہولیات کی بہتری اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انہوں نے شہر کو جدید شہری تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور اس کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لیے سی ڈی اے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
ناروے کے سفیر نے اسلام آباد کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سی ڈی اے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے شہر کو خوبصورت، سرسبز اور ماحول دوست بنانے کے اقدامات کی تعریف کی۔
ملاقات میں اس امید کا اظہار کیا گیا کہ باہمی تعاون اور تجربات کے تبادلے کے ذریعے شہری ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں مزید پیش رفت کی جا سکتی ہے۔
