راولپنڈی(سب نیوز) سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں عرفات منہاس کی آل راونڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے دی۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 302 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم 39ویں اوور میں 215رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے آل راونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے مشکل وقت میں 59رنز کی اننگ کھیلی اور پھر 40رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کھیل کے آغاز میں ہی پاکستان کے ابتدائی بیٹرز ناکام ہوگئے تھے، کھیل کی پہلی ہی گیند پر فخر زمان گس اٹکنسن کی گیند پر روٹ کو کیچ تھما بیٹھے جب کہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر 31 کے مجموعی اسکور پر سونی بیکر کا نشانہ بنے۔پاکستان ٹیم کو تیسرا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب ٹیم کا مجموعی اسکور 59 تھا ایسے میں بابراعظم 34 رنز بنا کر ول جیک کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔اس موقع پر حسن نواز اور عرفات منہاس نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ عرفات منہاس نے 58 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ان کے علاوہ فہیم اشرف نے 39، سعد بیگ نے 35 اور سلمان آغا نے 16 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے سونی بیکر نے 3 اورگس اٹکنسن نے 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔
303رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 39 ویں اوور میں 215 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن نے57، بین ڈکٹ نے 45 اورجو روٹ نے 33 رنز بنائے۔پاکستانی اسپنر عرفات منہاس نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
سہ ملکی ون ڈے سیریز، عرفات منہاس کی آل راونڈکارکردگی، پاکستان نے انگلینڈکو 87رنز سے شکست دیدی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
