ہومتازہ ترینروانڈا کی ہائی کمشنر کا کراچی میں پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کا دورہ، ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال

روانڈا کی ہائی کمشنر کا کراچی میں پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کا دورہ، ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سب نیوز) پاکستان میں روانڈا کی ہائی کمشنر فاتو ہریریمانا نے 20اکتوبر کو کراچی میں پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کا دورہ کیا، جہاں ادارے کے منیجنگ ڈائریکٹر اور پاکستان ایسوسی ایشن آف ایگزیبیشن انڈسٹری (پی اے ای سی )کے چیئرمین شہباز علی ملک نے اپنے ایگزیکٹو ٹیم کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران ہائی کمشنر نے گروپ کی ٹیکسٹائل مینوفیکچرنگ تنصیبات اور شو روم کا معائنہ کیا اور ادارے کی صنعتی سرگرمیوں اور پیداواری صلاحیتوں سے آگاہی حاصل کی۔

اس موقع پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور پاپولر گروپ آف انڈسٹریز اور روانڈا کے درمیان ممکنہ کاروباری تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین کے درمیان اس بات پر توجہ مرکوز رہی کہ پاکستان کے صنعتی تجربے اور روانڈا میں دستیاب سرمایہ کاری کے امکانات کو باہمی فائدے کے لیے کس طرح بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔کراچی میں قائم پاپولر گروپ آف انڈسٹریز کو ٹیکسٹائل کے شعبے میں توسیع اور روانڈا میں ممکنہ سرمایہ کاری کے لیے ایک موزوں کاروباری شراکت دار قرار دیا گیا۔ اس طرح کے روابط دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارتی تعلقات اور صنعتی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔دورے کا مقصد پاکستان اور روانڈا کے درمیان کاروباری روابط کو وسعت دینا اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے امکانات تلاش کرنا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔