اسلام آباد(سٹی رپورٹر)جرمن پریس ایسوسی ایشن ہیمبرگ کی چیئرپرسن مرینا فرائڈٹ جو یورپی فیڈریشن آف جرنلسٹس سے وابستہ ہیں نے برلن سے تعلق رکھنے والے نوجوان صحافی مورٹز لوہمان اور فریڈرک ایبرٹ فاونڈیشن پاکستان کے پروگرام ایڈوائزر عبداللہ ڈایو کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا دورہ کیا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راو نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وفد کو کلب کے انتظامی امور، سرگرمیوں اور صحافیوں کے پیشہ ورانہ مفادات کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
انہوں نے کلب میں دستیاب مختلف سہولیات اور جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور وفد کو کلب کے مختلف حصوں کا دورہ کرایا، جہاں صحافیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد کے لیے کلب کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان اور جرمنی میں صحافت کی صورتحال، میڈیا کے شعبے میں باہمی تعاون اور دونوں ممالک کے صحافیوں کو درپیش بدلتے ہوئے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گفتگو میں پیشہ ورانہ روابط، معلومات و تجربات کے تبادلے اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے دونوں ممالک کی صحافتی برادری کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر غور کیا گیا۔دونوں جانب سے مستقبل میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا
بالخصوص صحافیوں کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے تربیتی پروگراموں، صحافتی وفود کے تبادلوں اور پاکستان و جرمنی کے صحافیوں کو ایک دوسرے کے تجربات اور مہارتوں سے استفادہ کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔دونوں جانب کی قیادت نے صحافت کو درپیش نئے چیلنجز سے نمٹنے اور میڈیا سے وابستہ افراد کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور بامقصد مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔نیشنل پریس کلب اسلام آباد کا یہ دورہ پاکستان اور جرمنی کے درمیان میڈیا تعلقات کو فروغ دینے اور دونوں ممالک کے صحافیوں کے مابین تعاون، باہمی افہام و تفہیم اور پیشہ ورانہ یکجہتی کے دیرپا روابط استوار کرنے کی جانب ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔
