اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کے صدر محمد ذکریا اکبر ضیا نے کہا ہے کہ تاجروں کی تذلیل، توہین اور ہراساں کرنے کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے پلاسٹک شاپنگ بیگز اور پی ای ٹی بوتلوں سے متعلق ضوابط پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ حکام سے مشاورت اور تاجروں کو مناسب مہلت دینے کا مطالبہ کیا۔
وہ چیمبر میں منعقدہ ایک بڑے مشاورتی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں تاجروں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صدر آئی سی سی آئی نے کہا کہ تاجروں کو چھاپوں، گرفتاریوں اور دکانیں سیل کرنے جیسی کارروائیوں کے بجائے پہلے نوٹس اور خلاف ورزی دور کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ماحولیاتی تحفظ کے خلاف نہیں، تاہم کسی بھی پابندی پر عمل درآمد سے پہلے سستے متبادل، واضح ضوابط اور مناسب تیاری کا وقت فراہم کرنا ضروری ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ آئی سی سی آئی، مارکیٹ ایسوسی ایشنز، تاجروں اور متعلقہ کاروباری شعبوں کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جو متعلقہ حکام کے ساتھ مذاکرات کرکے مسئلے کا قابلِ عمل حل تلاش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر تاجروں کے جائز مفادات اور عزتِ نفس کے تحفظ کے لیے ہر مناسب فورم پر آواز اٹھائے گا۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ نے کہا کہ اجلاس کا مقصد تاجروں کے مسائل سن کر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنا ہے۔
انہوں نے اتحاد، باہمی مشاورت اور حکام کے ساتھ تعمیری مذاکرات پر زور دیا۔ نائب صدر محمد وقاص خان سواتی نے کہا کہ تاجروں کو اپنے مسائل مشترکہ پلیٹ فارم کے ذریعے اٹھانے چاہییں تاکہ موثر انداز میں ان کی نمائندگی کی جا سکے۔آئی سی سی آئی کے سابق صدر سردار طاہر محمود، آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر چوہدری کاشف اور دیگر تاجر رہنماں نے چھاپوں، گرفتاریوں اور دکانیں سیل کرنے کی شکایات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے پلاسٹک مصنوعات کے متبادل کی دستیابی، ری سائیکلنگ کے مثر نظام اور پابندیوں پر مرحلہ وار عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاقِ رائے سامنے آیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کو متاثر کیے بغیر، مشاورت اور منصفانہ طریق کار کے تحت نافذ کیے جانے چاہییں۔ آئی سی سی آئی نے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطے جاری رکھنے اور تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
