ہومپاکستانپاکستان اور عمان کا تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے، علاقائی امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

پاکستان اور عمان کا تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے، علاقائی امن کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کو مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھنی چاہیے۔
پاکستان اور عمان کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یہ اجلاس 7 سال بعد ہو رہا ہے، تاہم آئندہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جانے چاہییں تاکہ تعاون کے مختلف شعبوں میں پیشرفت کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور عمان کو علاقائی امن کے لیے فعال کردار ادا کرنے اور جاری تنازعات کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنی چاہییں۔ ان کے مطابق خطے میں کشیدگی سے توانائی کی فراہمی سمیت عالمی سپلائی چین متاثر ہوئی ہے، اس لیے امن اور استحکام کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ ملاقات میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ، آبنائے ہرمز، باب المندب، فلسطین، غزہ اور جموں و کشمیر سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے علاقائی امن کے لیے عمانی قیادت کی کوششوں کو بھی سراہا۔عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے پاکستان کی جانب سے مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ کی کوششوں کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے بالخصوص ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے لیے گنجائش پیدا کرنے میں مدد ملی۔
عمانی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک تجارت، لاجسٹکس، بندرگاہوں، توانائی، غذائی تحفظ، ٹیکنالوجی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھا سکتے ہیں۔اجلاس میں دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ وہ 2027 میں عمان کا دورہ کریں گے، جہاں کمیشن کا آئندہ اجلاس ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔