اسلام آباد (سب نیو ز ) راولپنڈی قومی اثاثوں کی تحفظ اور واگزاری کے سلسلے میں ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے، قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے ضلع جہلم میں پاکستان ریلویز کی 1,844 کنال 16 مرلے کی قیمتی زمین کامیابی سے واگزار کروا لی ہے، جس کی تخمینہ شدہ مارکیٹ قیمت 21.85 ارب روپے ہے۔
یہ قیمتی اراضی تحصیل جہلم اور تحصیل دینہ کی مختلف موضع جات میں واقع ہے۔ اس اراضی کا تحفظ اور واگزاری سرکاری املاک کی حفاظت، غیر قانونی قبضوں کی روک تھام اور قومی وسائیل کو قانونی و عوامی مقاصد کے لیے محفوظ بنانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت ہے۔
یہ کارروائی چیئرمین نیب، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد کی ہدایت پر کی گئی۔ ان ہدایات کی روشنی میں ڈائریکٹر جنرل نیب (اسلام آباد/راولپنڈی) محمد رضوان خان نے سرکاری اثاثوں کی نشان دہی، تحفظ اور غیر قانونی قبضوں سے واگزاری کے لیے مربوط اور منظم اقدامات کی قیادت کی۔
21.85 ارب روپے مالیت کی زمین کی واگزاری قومی اثاثوں کے تحفظ، شفافیت کے فروغ اور عوامی املاک کی نگہداشت کے لیے نیب کی مسلسل کوششوں کا مظہر ہے۔ یہ کامیابی سرکاری املاک کو غیر قانونی تصرف سے بچانے کے لیے بین الادارتی تعاون اور مسلسل نگرانی کی اہمیت کو نمایاں کرتی ہے۔ نیب اسلام آباد/راولپنڈی قومی مفاد میں عوامی وسائل کی حفاظت، احتساب کے عمل کو مضبوط بنانے اور ناجائز تجاوزات کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
