ہومپاکستانایس ایچ اے آر پی قیادت کی پرتگال کے سفیر سے ملاقات، انسانی حقوق اور انسانی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

ایس ایچ اے آر پی قیادت کی پرتگال کے سفیر سے ملاقات، انسانی حقوق اور انسانی تحفظ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (سب نیوز( ایس ایچ اے آر پی پاکستان کے چیئرمین سید لیاقت بنوری اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مدثر جاوید نے اسلام آباد میں پرتگال کے سفارت خانے میں پرتگال کے سفیر پالو میگوئل گیدیز ڈومنگز سے ملاقات کی، جس میں انسانی حقوق کے تحفظ اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر معاونت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران پرتگال کے سفیر نے پاکستان بھر میں کمزور اور محروم طبقات، خواتین اور بچوں کو قانونی معاونت، تحفظ اور نفسیاتی و سماجی مدد فراہم کرنے کے حوالے سے ایس ایچ اے آر پی کی خدمات کو سراہا۔ملاقات میں پرتگال میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ پرتگال کے سفیر نے پاکستانی کمیونٹی کی مثبت خدمات اور پرتگال کی معیشت میں اس کی نمایاں شراکت کو سراہتے ہوئے لزبن میں پاکستانی سفیر اور سفارت خانے کے کردار کی بھی تعریف کی۔ایس ایچ اے آر پی کی قیادت نے پرتگال میں اپنی سرگرمیوں اور تعاون کو وسعت دینے کے منصوبوں سے سفیر کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر بتایا گیا کہ ادارہ انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے 27 سالہ تجربے اور مہارت کی بنیاد پر اپنی خدمات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ ان خدمات میں قیدیوں، پناہ گزینوں، سیاسی پناہ کے متلاشی افراد، بے گھر اور بے دخل افراد، خواتین، بچوں اور دیگر کمزور طبقات کی معاونت شامل ہے۔ایس ایچ اے آر پی کی قیادت نے پرتگال کے سفیر کی جانب سے پرتپاک میزبانی اور حوصلہ افزائی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے انسانی حقوق کے تحفظ اور پاکستان و پرتگال کے درمیان تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔