ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم کی ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت

وزیراعظم کی ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ذیابیطس کی روک تھام کے لیے جامع اور مؤثر حکمتِ عملی مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بڑھتے ہوئے صحت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے علاج کے ساتھ بیماری سے بچاؤ پر بھی خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیراعظم سے ذیابیطس کے علاج سے متعلق بین الاقوامی اور قومی طبی ماہرین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں بیماری کی روک تھام، عوامی آگاہی اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نوجوانوں، بالخصوص کالجوں اور جامعات کے طلبہ میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، متوازن غذا، باقاعدہ جسمانی سرگرمی اور صحت مند معمولاتِ زندگی اپنانے کے حوالے سے عوامی آگاہی کو قومی سطح پر فروغ دیا جائے۔

وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ٹیلی ویژن، ریڈیو، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے ذریعے ذیابیطس سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور صحت مند طرزِ زندگی سے متعلق معلومات عام کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ذیابیطس کی روک تھام کے لیے قومی ترجیحات کے مطابق واضح پالیسی اور قابلِ عمل منصوبہ بندی ناگزیر ہے، اس مقصد کے لیے متعلقہ ادارے تحقیق، عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے مربوط حکمتِ عملی مرتب کریں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے چیلنج سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے، بین الاقوامی تجربات، تحقیق اور بہترین عملی طریقوں سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان میں بیماری کی روک تھام کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

ملاقات میں شریک طبی ماہرین کا وفد پاکستان میں اینڈوکرائنولوجی سیمینار میں شرکت کے لیے موجود ہے، وفد کے شرکاء نے ذیابیطس اور دیگر بیماریوں کی روک تھام کے لیے پاکستان میں کیے جانے والے اقدامات اور پالیسیوں کے نفاذ کو سراہا۔

طبی ماہرین نے پاکستان میں ذیابیطس کی روک تھام اور عوامی آگاہی مہم میں تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی طبی ماہرین دنیا بھر میں ذیابیطس اور دیگر امراض کے علاج اور روک تھام کے لیے اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔