لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں سموگ اور دھند کے باعث فضائی آلودگی کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، شہر کا اوسط ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 400 سے تجاوز کرتے ہوئے 402 ریکارڈ کیا گیا۔
فضائی آلودگی کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں سرفہرست ہے، پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں سرگودھا 461 سے زائد اے کیو آئی کے ساتھ پہلے، گوجرانوالہ 441 کے ساتھ دوسرے جبکہ لاہور 402 اے کیو آئی کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے، برکی روڈ 643 اے کیو آئی کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ علاقہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 559، جیل روڈ پر 475، وحدت روڈ پر 403 اور بیدیاں روڈ پر 386 اے کیو آئی ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 13 اور زیادہ سے زیادہ 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، شہر میں ہوا کی رفتار 5 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور کا موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ حالیہ دنوں میں بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں کی گئی، بارش نہ ہونے کے باعث سردی کی شدت اور دھند میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
