ہومتازہ ترینسی ڈی اے کا پارک ویو لین کے خلاف کارروائی کا حکم، غیر قانونی تعمیرات گرانے اور خرید و فروخت روکنے کی ہدایت

سی ڈی اے کا پارک ویو لین کے خلاف کارروائی کا حکم، غیر قانونی تعمیرات گرانے اور خرید و فروخت روکنے کی ہدایت

اسلام آباد(سب نیوز) کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)نے زون تھری اسلام آباد میں واقع نجی ہاوسنگ اسکیم پارک ویو لین کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے غیر قانونی ترقیاتی کام فوری بند کرنے، پلاٹوں کی مارکیٹنگ، خرید و فروخت اور الاٹمنٹ روکنے کی ہدایت کردی ہے۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل پلاننگ کی جانب سے 30ستمبر 2026کو جاری کردہ نوٹس کے مطابق مذکورہ ہاوسنگ اسکیم میں لے آوٹ پلان کی منظوری اور این او سی حاصل کیے بغیر ترقیاتی کام کیے جانے کی نشاندہی کی گئی ہے، جو متعلقہ قوانین اور زوننگ ریگولیشنز کی خلاف ورزی ہے۔نوٹس میں اسکیم کے ذمہ داران کو غیر قانونی تعمیرات اور ڈھانچے ختم کرنے اور زمین کا غیر قانونی استعمال بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنے اور زمین کا استعمال روکنے کے لیے پولیس کی مدد سے کارروائی کی جا سکتی ہے، جبکہ اس پر آنے والے اخراجات بھی ذمہ دار افراد سے وصول کیے جائیں گے۔سی ڈی اے نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ منظور شدہ لے آوٹ پلان کے خلاف تعمیرات کے معاملے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ نوٹس میں متعلقہ فریق کو اپنا موقف پیش کرنے کے لیے سات روز کے اندر ذاتی شنوائی کا موقع بھی دیا گیا ہے۔اتھارٹی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ غیر منظور شدہ ہاوسنگ اسکیموں کی تشہیر اور غیر قانونی پلاٹوں کی خرید و فروخت کی روک تھام کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں، تاکہ شہریوں کو غیر قانونی سرمایہ کاری اور جائیداد کے ممکنہ تنازعات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔