ہومتازہ ترینپاکستان اور سویڈن کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق

پاکستان اور سویڈن کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ قیصر احمد شیخ اور پاکستان میں سویڈن کی سفیر الیگزینڈرا برگ وان لِنڈے کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاکستان میں 40سے زائد سویڈش کمپنیوں کی موجودگی کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے زراعت، کان کنی و معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، توانائی کی منتقلی اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے سویڈش سفیر کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز ، سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب مراعات اور کاروباری سہولت مرکز کے ون ونڈو نظام کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے سویڈن کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری سے متعلق مسائل کی نشاندہی اور کاروباری ماحول میں بہتری کے لیے تجاویز دینے کی دعوت بھی دی۔ملاقات میں پاکستان اور سویڈن کے درمیان 1981میں دستخط کیے گئے دوطرفہ سرمایہ کاری معاہدے کا جائزہ لینے اور اس پر دوبارہ مذاکرات کے مجوزہ عمل پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس سلسلے میں آئندہ ہفتے ورچوئل اجلاس منعقد کرنے کی تجویز دی گئی، جبکہ معاہدے پر مذاکرات کا پہلا دور نومبر 2026 میں متوقع ہے۔سویڈش سفیر نے دونوں ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں اور کاروباری تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان میں سویڈش کاروباری اداروں کی نمائندگی کو اہم قرار دیتے ہوئے توانائی کی منتقلی کے شعبے میں تعاون کی دلچسپی کا اظہار کیا۔بورڈ آف انویسٹمنٹ کے مطابق پاکستان میں سویڈش سرمایہ کاری کو فروغ دینا، کاروباری شراکت داریوں کو وسعت دینا اور ملک کی معاشی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنا ادارے کی ترجیحات میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔