ہومپاکستانفیلڈ مارشل عاصم منیر سے انتونیو گوتریس کی ملاقات سکیورٹی، کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر تبادلہ خیال

فیلڈ مارشل عاصم منیر سے انتونیو گوتریس کی ملاقات سکیورٹی، کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(سب نیوز)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو راولپنڈی آمد پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے اور افغانستان سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مختلف امور پر خیالات کا تبادلہ کیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی ہمدردی پر مبنی تعاون کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کا اعتراف کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔