ہومپاکستانرومانیہ میں پاکستانی کاروباری وفد کا بندرگاہ قسطنطنیہ کا دورہ، پاک رومانیہ تجارتی تعاون کے نئے امکانات

رومانیہ میں پاکستانی کاروباری وفد کا بندرگاہ قسطنطنیہ کا دورہ، پاک رومانیہ تجارتی تعاون کے نئے امکانات

اسلام آباد(سب نیوز) رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ڈان اسٹوئنسکو نے پاکستانی کاروباری وفد کا پورٹ آف کانسٹانٹا میں پرتپاک خیرمقدم کیا۔ پورٹ آف کانسٹانٹا بحیرہ اسود پر یورپی یونین کا اہم بحری گیٹ وے اور یورپ کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے والا ایک اہم تجارتی مرکز ہے۔پاکستانی وفد کا یہ دورہ 31 مارچ 2026 کو پورٹ آف کانسٹانٹا اور کراچی پورٹ ٹرسٹ کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو)کے بعد پاک رومانیہ بحری اور تجارتی تعاون کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

کراچی، پاکستان کا اہم ترین بحری تجارتی گیٹ وے، اور کانسٹانٹا بندرگاہ جنوبی ایشیا کو یورپی یونین اور وسیع تر بحیرہ اسود کے خطے سے جوڑنے والے نئے تجارتی راستے کی ترقی کے لیے نمایاں امکانات رکھتے ہیں۔رومانیہ کے سفارتخانے اسلام آباد اور رومانیہ کی وزارت خارجہ کی معاونت سے ہونے والے اس رابطے کا مقصد دونوں بندرگاہوں کے درمیان تعاون کو برآمد کنندگان، درآمد کنندگان، شپنگ کمپنیوں اور لاجسٹکس فراہم کرنے والوں کے لیے عملی کاروباری مواقع میں تبدیل کرنا ہے۔

ڈاکٹر ڈان اسٹوئنسکو نے کہا کہ کانسٹانٹا۔کراچی تجارتی روٹ کی ترقی سے سپلائی چینز میں تنوع لانے، علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے اور دونوں خطوں کی منڈیوں تک رسائی کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔رومانیہ کے سفیر نے پاکستان۔رومانیہ بزنس کونسل اور دونوں بندرگاہوں کے شراکت داروں کی جانب سے مشترکہ تجارتی اہداف کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں بندرگاہوں کے درمیان ادارہ جاتی شراکت داری کو دیرپا کاروباری روابط، تجارت میں اضافے اور ٹھوس اقتصادی نتائج میں تبدیل کیا جائے، تاکہ عملی تعاون کے ذریعے رومانیہ اور پاکستان مزید قریب آ سکیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔