اسلام آباد(سب نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری سے برطانوی وزیر مملکت خارجہ امور سٹیفن ڈوٹی کی ملاقات ،ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
غیر قانونی امیگریشن، انسداد منشیات اور انسداد دہشتگردی کے لیے تعاون بڑھانے پر بات چیت ، جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے برطانیہ جانے کے رجحان کی روک تھام کے لیے مشترکہ طور پر سخت اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے پر اتفاق ،ملاقات میں مشرق وسطی کی صورتحال اور پاکستان کے مثبت کردار پر بھی بات چیت کی گئی ۔ دونوں رہنماوں نے خطے میں کشیدگی میں کمی کے لئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا، ملاقات میں مشترکہ ورکنگ گروپ کی 90روزہ پیش رفت اور آئندہ کے لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا
ملاقات میں افغانستان کے ساتھ سرحدی صورتحال کے تناظر میں بھی بات چیت کی گئی ۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ جعلی سٹوڈنٹ ویزوں کے ذریعے بیرون ملک جانے والے پاکستانی طلبہ کے معاملے میں سخت جانچ پڑتال ضروری ہے،اینٹی نارکوٹکس فورس نے برطانیہ سمگل کی جانے والی 55 میٹرک ٹن منشیات ضبط کیں۔ برطانوی وزیر سٹیفن ڈوٹی نے پاکستان میں آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیوں کی تعریف کی، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، قونصلر سیکیورٹی الاسڈئیر گرانٹ اور سیکریٹری میتھیو میک ماہون بھی اس موقع پر موجود تھے۔
