ہومتازہ ترینمتبادل ادویات کے قواعد کی منظوری کے باوجود نوٹیفکیشن میں تاخیر: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا

متبادل ادویات کے قواعد کی منظوری کے باوجود نوٹیفکیشن میں تاخیر: ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے متبادل ادویات اور ہیلتھ پراڈکٹس کے لائسنسنگ و رجسٹریشن قواعد کے نفاذ میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا ہے۔ تنظیم نے وزیراعظم سے ‘متبادل ادویات قواعد 2026ء’ کا نوٹیفکیشن فوراً جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ ڈریپ ایکٹ 2012 کے تحت ڈریپ (ڈریگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان) کے تیار کردہ یہ قواعد و ضوابط چھ ماہ سے زائد عرصے سے وفاقی حکومت کے پاس زیرِ التوا ہیں۔ اگرچہ وفاقی کابینہ نے ایک ماہ قبل ان مجوزہ قواعد کی منظوری دے دی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے تاحال باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
خط میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ متبادل ادویات کے شعبے میں موجود بعض بااثر گروپس اور لابی ان قواعد کے نفاذ میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے ان الزامات کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاخیر کے باعث ملک میں لائسنسنگ اور رجسٹریشن کا ایک شفاف اور مؤثر نظام قائم کرنے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
تنظیم کا مزید کہنا تھا کہ متبادل ادویات کے شعبے کو منظم کرنے سے نئی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی اور روزگار کے اہم مواقع پیدا ہوں گے۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ وہ عوامی صحت کے مفاد میں قواعد کا نوٹیفکیشن فوری جاری کروائیں اور ڈریپ کو ہدایت دیں کہ وہ نوٹیفکیشن کے بعد 30 دنوں کے اندر اندر ادویات کی رجسٹریشن کا باقاعدہ عمل شروع کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔