پشاور(آئی پی ایس ) وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کیلیے ایک دن میں 4 کروڑ روپے جمع ہوگئے۔ پشاور میں چندہ مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ لانگ مارچ کیلیے چندہ مہم کا آغاز کردیا ہے اور کال کے بعد صرف ایک دن میں 4 کروڑ روپے جمع ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ چندہ مہم میں حصہ لینے والوں کے مشکور ہیں، یہ مہم جاری رہے گی اور فنڈز کیلیے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلی نے بتایا کہ لانگ مارچ کا آغاز چار اکتوبر کو لکی مروت سے ہوگا، پھر 6 اکتوبر کی صبح متنی پشاور پہنچیں گے وہاں سے صوابی کے لیے روانہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع والوں کیلیے پیغام ہے کہ اب لانگ مارچ زندگی اور موت کا مسئلہ بن گیا ہے، یہ اب عمران خان کی رہائی یا تحریک انصاف کا مسئلہ نہیں بلکہ امن کے قیام کا مسئلہ ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ یہ جنگ آپ نے خود لڑنی ہے، ہم انتظامات نہ کرسکیں آپ نے خود تیاری کرنی ہے، یہ جہاد ہے اور ظالم کو روکنا بھی جہاد ہے۔ سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ لانگ مارچ پرامن ہوگا دو ہاتھوں دو پائوں کے ساتھ نہتے آنا ہے، ہم نے انتشار پھیلانے نہیں دیں گے۔
