ہومتازہ ترینوزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف کا پاکستان چین تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کے تعلقات کو بہترین قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔چین کے قومی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے اور باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ خوشحالی کی روشن مثال ہے۔

وزیراعظم نے چین کو پاکستان کا آہنی بھائی قرار دیتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ کی دانشمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اقتصادی اور تکنیکی ترقی کے میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور ہر شعبے میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔شہباز شریف نے چینی صدر، حکومت اور عوام کو قومی دن کے موقع پر مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کیں۔وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کا دوسرا مرحلہ بھرپور انداز میں آگے بڑھ رہا ہے، جو پاکستان کی اقتصادی ترقی کو نئی رفتار فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کے انفراسٹرکچر کے منظرنامے کو تبدیل کرنے کے ساتھ ملک میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ صنعت کاری، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سائنس، توانائی کے شعبوں میں تعاون اور گوادر کو علاقائی تجارتی مرکز بنانے پر توجہ مرکوز کرے گا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ سی پیک فیز ٹو صنعتی ترقی کو تیز، روزگار کے مواقع پیدا اور پاکستان کی معاشی بنیادوں کو مزید مضبوط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزرا، سفارتکاروں اور اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ پاکستان اور چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ہر آزمائش میں ساتھ دینے والے اسٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک اپنے بنیادی قومی مفادات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے پاکستان کی بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے معیشت کے استحکام کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ چینی سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو بھی سراہا۔جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان اور چین کی دیرینہ دوستی مزید مضبوط ہوئی ہے اور مستقبل میں تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔تقریب کے اختتام پر پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستی اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔