اسلام آباد (سب نیوز)وفاقی دارالحکومت میں 2027کے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی میزبانی کی تیاریاں تیز کردی گئیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو مقررہ وقت میں انتظامات مکمل کرنے اور باہمی رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں 2027 میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کے اجلاس کی میزبانی کے لیے پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو مقررہ مدت میں تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس میں 2027 میں اسلام آباد میں ہونے والے ایس سی او سربراہان مملکت کے اجلاس کی میزبانی کے لیے جاری تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
محمد اسحاق ڈار نے جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو قریبی رابطہ کاری یقینی بنانے اور طے شدہ نظام الاوقات کے مطابق تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ایس سی او سربراہی اجلاس کی کامیاب میزبانی کے لیے پرعزم ہے اور اس اہم کثیرالجہتی فورم کے میزبان کی حیثیت سے اعلی معیار قائم کرے گا۔
