ہومآزاد کشمیروزیراعظم کا اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر، آبی حقوق، فلسطین اور دہشت گردی پر واضح مؤقف قابلِ تحسین ہے: سید منظور احمد شاہ

وزیراعظم کا اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر، آبی حقوق، فلسطین اور دہشت گردی پر واضح مؤقف قابلِ تحسین ہے: سید منظور احمد شاہ

مظفرآباد :
سینئر حریت رہنما سید منظور احمد شاہ نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں مسئلہ کشمیر، پاکستان کے آبی حقوق، دہشت گردی، فلسطین اور عالمی و علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان کا واضح اور اصولی مؤقف پیش کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔
سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی برادری کے سامنے پاکستان کے اہم قومی اور بین الاقوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔ بالخصوص کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، سندھ طاس معاہدے، پاکستان کے آبی حقوق اور بھارتی اقدامات کے حوالے سے وزیراعظم کا مؤقف انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے واضح کیا کہ پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال نہیں کیا جانا چاہیے اور پاکستان کے حصے کے پانی کو روکنے، اس میں رکاوٹ ڈالنے یا اس کا رخ موڑنے کی کوئی بھی کوشش اقدامِ جنگ تصور کی جائے گی۔
سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے تناظر میں عالمی فورم پر اٹھانا پاکستان کی دیرینہ پالیسی کا تسلسل ہے۔ وزیراعظم پاکستان نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک انہیں ان کا حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔
انہوں نے فلسطین کے حوالے سے وزیراعظم کے خطاب کو بھی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی المیے، فلسطینی عوام کی مشکلات اور فلسطین کے دیرینہ مسئلے کے منصفانہ حل کے لیے عالمی برادری کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان نے ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام، 1967ء سے قبل کی سرحدوں اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت بنانے کے پاکستان کے مؤقف کو بھی واضح کیا۔
سینئر حریت رہنما نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو بھی عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تقریباً ایک لاکھ جانوں کی قربانیاں دیں اور 150 ارب ڈالر سے زائد کے معاشی نقصانات برداشت کیے۔ وزیراعظم نے افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قابلِ تصدیق اور فیصلہ کن اقدامات پر بھی زور دیا۔
سید منظور احمد شاہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اقوام متحدہ میں خطاب اس امر کا اظہار ہے کہ پاکستان خطے اور دنیا میں جنگ اور کشیدگی کے بجائے امن، مذاکرات، سفارت کاری اور منصفانہ حل کا خواہاں ہے۔ کشمیر، فلسطین، پانی اور دہشت گردی جیسے اہم معاملات پر پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر مسلسل اور مؤثر انداز میں پیش کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام وزیراعظم پاکستان کے اس واضح مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکِ خداداد پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے اور بالخصوص وطن کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔