ہومآزاد کشمیربھارت کشمیریوں کے جزبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتا: صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر

بھارت کشمیریوں کے جزبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتا: صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفرآباد: صدر آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر محمد نجیب خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ بھارت اپنے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جزبہ حریت کو ختم نہیں کرسکتا۔
اپنے پیغام میں صدر آزاد کشمیر ڈاکٹر نجیب خان کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر کو اہلیان جموں و کشمیر اور پوری پاکستانی قوم یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں، 27 اکتوبر کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر غاصبانہ، غیر قانونی، غیر آںٔینی قبضہ کیا،بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہی ہے، بھارت اپنے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کے جزبہ حریت کو ختم نہیں کر سکتا، مقبوضہ کشمیر کے عوام تنہا نہیں، آزاد کشمیر کا ہر بچہ، ماں بزرگ ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ڈاکٹر نجیب خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم سے روکے اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے میں کردار ادا کرے۔

دوسری جانب یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیعام میں وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 ریاست جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام نے بھارتی بربریت کے باوجود آزادی کی شمع روشن رکھی ہوئی ہے اور ان کا جذبہ آزادی نسل در نسل منتقل ہو رہا ہے، وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی استقامت، حوصلے اور آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارتی مظالم کشمیری عوام کے عزم کو کمزور نہیں کر سکے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ ایک دن پوری ریاست جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔