ہومپاکستانلیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا ریاست کو اپوزیشن سے بات چیت میں پہل کا مشورہ

لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا ریاست کو اپوزیشن سے بات چیت میں پہل کا مشورہ

لاہور (سب نیوز)مسلم لیگ (ن)کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے مشورہ دیا ہے کہ حکومت اور احتجاج کرنے والے انا اور ضد سے بالاتر ہو کر بات چیت کریں، مسائل حل کرنے کی نیت ہو تو راستہ ضرور نکلتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں سعد رفیق کا کہنا تھا کہ کوئی فاتح نہیں ہو گا، سب ہار رہے ہیں، ریاست پہل کرے، جانی ومالی نقصانات سے بچا جائے۔سعد رفیق کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ پی ٹی آئی رہنماوں کا کہنا ہے کہ مارچ اور احتجاج مکمل طور پر پرامن ہو گا جبکہ حکومتی رہنماوں کی جانب سے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران امن و امان کی صورتحال پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

سعد رفیق نے مزید کہا کہ ایک دوسرے کی عزت نفس مجروح کرنا کم ظرفی ہے، مہنگائی، بیروزگاری، ناانصافی اور دہشتگردی سے پاکستان جھلس رہا ہے، عام آدمی پس چکا، اسے مباحثوں اور الزامات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ عام پاکستانی کی پکار سنی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت علاج نہ کیا جائے تو رستے زخم ناسور بن جاتے ہیں، پھر ساری قوم دہائیوں تک اس کی قیمت ادا کرتی رہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ لکھی جا رہی ہے، اسے قید کیا جا سکتا ہے نہ روکا جا سکتا ہے، لاعلاج زخم چھوڑ کر جانے والے ہمیشہ تاریخ کے کٹہرے میں کھڑے رہتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سول سوسائٹی اور اہل درد بیدارہوں، قومی بیداری وقت کی ضرورت ہے۔ جو جہاں بھی ہے، اپنی آواز بلند کرے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔